What is U500 insulin?
یو پانچ سو انسولین کیا ہے؟
مجھے جس مریض کو بھی انسولین شروع کروانی ہوتی ہے تو میں ان سے کہتی ہوں کہ آپ طویل عرصے والی انسولین یعنی کہ لینٹس یا لیوامیر کا ایک انجیکشن 10 یونٹ روزانہ رات میں لینا شروع کریں۔یہ انسولینیں 24 گھنٹے تک کام کرتی ہیں۔ صبح کی بلڈ شوگر پر نظر رکھیں۔ اگر اگلے دن بلڈ شوگر 130 ملی گرام فی ڈیسی لیٹر سے زیادہ ہے توہر دو دن کے بعد اس میں 2 یونٹ کا اضافہ کرتے جائیں- اس وقت تک جب آپ کی صبح نہار منہ بلڈ شوگر 90 سے 130 کے درمیان رہنے لگے۔ اس ڈوز کو جاری رکھیں۔ اگر صبح بلڈ شوگر 70 سے کم ہو تو آپ کو انسولین کی ڈوز کم کرنی چاہئیے۔ ایک جنرل اصول یہ ہے کہ بڑھائیں 2 یونٹ اور گھٹائیں 5 یونٹ۔ وہ اس لئیے کہ خون میں شوگر کا اچانک نہایت کم ہوجانا نہایت خطرناک ہوسکتا ہے۔
اکثر ایسا ہوتا ہے کہ تین مہینے کے بعد مریض واپس آئے ان کی صبح کی بلڈ شوگر ابھی تک 200 سے 300 چل رہی ہے اور انہوں نے 25 یا 50 یونٹ کے بعد ڈوز بڑھانا بند کر دی۔ وہ سمجھ رہے تھے کہ یہ نہایت زیادہ انسولین ہے۔ تو اس کا جواب یہ ہے کہ آپ نے اس وقت تک “زیادہ” انسولین نہیں لی ہے جب تک آپ کی بلڈ شوگر 70 ملی گرام فی ڈیسی لیٹر سے نیچے نہ گری ہو۔ اس لئیے جب تک بلڈ شوگر قابو میں نہ آئے، انسولین بڑھاتے جائیں۔ کچھ مریض 200 سے 400 یونٹ تک ایک دن میں استعمال کرتے ہیں۔ ہر بندے کی ڈوز اس کی اپنی جسامت اور انسولین کے خلاف مزاحمت کے لیول کے لحاظ سے ہوتی ہے۔
کھانے کے دو گھنٹے کے بعد اگر بلڈ شوگر 180 ملی گرام فی ڈیسی لیٹر سے زیادہ ہوجاتی ہے تو پھر آپ کو چھوٹے عرصے والی انسولین یعنی کہ ہیومالگ، نووالوگ، ریگولر یا اپیڈرا ہر کھانے سے پہلے لینے کی ضرورت ہوسکتی ہے۔ یہ انسولینیں جلدی سے اپنا اثر دکھا کر جسم سے خارج ہوجاتی ہیں۔اگر کھانا نہ کھا رہے ہوں تو ان کو لینا خطرناک ہوسکتا ہے کیونکہ ان سے خون میں شوگر کا لیول اچانک سے گر سکتا ہے۔ اس لئیے انہیں صرف کھانے سے پہلے ہی لینا چاہئیے۔ سونے سے پہلے بھی یہ انسولینیں نہیں لینی چاہئیں۔
یو پانچ سو انسولین کیا ہے؟
ایسے مریض جو ایک دن میں 200 یونٹ سے زیادہ انسولین استعمال کرتے ہیں ان کی آسانی کے لئیے پانچ گنا طاقت ور انسولین دستیاب ہے جس کو یو پانچ سو انسولین کہتے ہیں۔ اس کا حجم پانچ گنا کم ہوتا ہے اور اس کو لینا مریضوں کے لئیے نسبتا” کم تکلیف دہ ہوتا ہے۔ تو اس سے آپ سمجھ سکتے ہیں کہ ایک دن میں 200 یونٹ لینٹس لینے کے بجائے صرف 40 یونٹ یو پانچ سو انسولین لینے کی ضرورت پڑے گی۔ یو پانچ سو انسولین زیادہ عام نہیں ہے اور اگر اس کو درست طریقے سے استعمال نہ کیا جائے تو ڈوز کی غلطی ہوسکتی ہے۔ اس لئیے زیادہ تر ڈاکٹر اور فارماسسٹ یو پانچ سو انسولین کو استعمال کرنے سے گھبراتے ہیں لیکن اگر اس کو سمجھ لیا جائے تو کئی مریضوں کی زندگی آسان ہوسکتی ہے۔
لبنیٰ مرزا-ایم ڈی
ذیابیطس اسپیشلسٹ

